ہمارے بارے میں

علامہ اقبال ، اردو اور فارسی دنیا میں پیدا ہونے والے وہ جلیل القدر انسان ہیں جن کے لازوال علمی و فکری کام نے اپنے دورکو آراستہ کرنے کے علاوہ آئندہ کتنی ہی صدیوں کی آبیاری کے لیے بھی بیش قیمت اثاثہ فراہم کر دیا ہے۔ وہ ایک فرد نہیں بلکہ ایک کثیرالجہتی بین الاقوامی انجمن تھے۔ ان کی ذات جدوجہد، مقصدیت، حلاوت، خوشبو، سوزِ نفس، حریتِ فکر، کمالِ فن، حسنِ عمل، دلیلِ محکم اور حرکتِ پیہم سے عبارت تھی۔ وہ مسلمان نوجوان کو اس کا مقام یاد دلانے اور اسے عمل پر آمادہ کرنے کے لیے مسلسل کوشش کرتے رہے اور عمر بھر دنیائے حرف وصوت اور وادئِ فکروعمل میں سیماب پا رہے۔ فن کے اس سارے سفر میں بصیرتِ قراۤن اور محبتِ رسول صلی اللہ علیہ وسلم ان کا سب سے بڑا زادِ راہ رہا۔ ایسے لوگ تاریخ انسانی میں خال خال ہی ملتے ہیں۔
اگر نئی نسل کی تربیت پیامِ اقبال سے کی جائے تو ہم ایک عظیم ملت پیدا کرنے میں کامیاب ہو سکتے ہیں جو امت مسلمہ کے لئے بیش قیمت سرمایہ ہوگی۔ یہی اقبال کا مقصود تھا اور یہی ہر مسلم حنیف کی آرزو ہے۔ ایسا ہو جائے تو یہ زمین رحمت خداوندی سے مالامال ہوگی، اللہ کا کلمہ سر بلند ہوگا اور طاغوت کا کلمہ سرنگوں ٹھہرے گا۔

سکول اۤف اقبالیات، ایک عالمی معیار کا ڈیجیٹل پلیٹ فارم ہے جس کا مقصد، فکر اقبال کی اشاعت اور ترویج کا کام جدید دور کے تقاضوں کے مطابق استوار کرنا ہے۔ اس ڈیجیٹل پلیٹ فارم میں پورے کلام اقبال کی حامل ویب سائٹ اور موبائل ایپ بھی بنے گی۔ اس کے علاوہ ایک مکمل ایل ایم ایس یعنی لرننگ مینجمنٹ سسٹم بننے گا جس کے ذریعے کوئی بھی فرد، ہفتہ وار فہم اقبال کلاس یا سرٹیفیکیٹ یا ڈپلومہ کورس بھی کرسکے گا۔ اس کے علاوہ اردو اور فارسی زبانوں میں اقبالیات کی ڈکشنریز بھی دستیاب ہوں گی اور ای فورمز اور بلاگنگ جیسی سہولیات بھی میسر ہونگی۔ اۤج کی ایک اہم ضرورت یہ بھی ہے کہ اقبال کے تمام چاہنے والوں اور فکرِ اقبال پر کام کرنے والوں ( سکالر، ٹیچر، اۤرٹسٹ، سنگر، کیلی گرافر، کنٹینٹ رائیٹر، یوٹیوبر، موٹیویشنل سپیکر یا گرافکس ڈیزائنر ) کو ایک دوسرے سے مربوط و منسلک کیا جائے۔ اس سلسلے میں اقبالیز کلب انٹرنشنل کا قیام بھی عمل میں لایا گیا ہے۔
Shopping Cart
Scroll to Top